نئی دہلی، 29؍ اکتوبر (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا)بہارمیں جے ڈی یو سے ڈرامائی اندازسے الگ ہونے اوربی جے پی کے دامن میں پناہ لینے والے نتیش کمارکی جنتا دل(یو)(نتیش گروپ) نے گجرات اسمبلی انتخابات اکیلے لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ جے ڈی یو سکریٹری جنرل کے سی تیاگی نے آج یہاں پریس کانفرنس میں یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی گجرات میں پہلے بھی کچھ سیٹوں پر انتخاب لڑتی رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی وہاں بی جے پی سمیت کسی بھی پارٹی سے اتحاد نہیں کرے گی۔ اسے انتخاب لڑنے کے کسی جماعت سے بات کرنے یا انتخابات کے سلسلے میں مشورہ لینے کی ضرورت نہیں ہے۔پارٹی اپنا فیصلہ خودکرے گی۔ گجرات میں انتخابات 9 اور 14 دسمبر کو ہونا ہے۔انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں دعوی کیا کہ الیکشن کمیشن نے شرد یادو گروپ کے حقیقی جے ڈی یو ہونے کے دعوے کو تین بار مسترد کر دیا ہے۔ شرد گروپ نے خود کو حقیقی جے ڈی یوہونے کا الیکشن کمیشن کے سامنے دعوی کیا ہے جبکہ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کی سربراہی والے گروپ نے آپ اپنے کو اصلی جے ڈی یوبتایاہے۔